پاکستانی اداکارہ اریج فاطمہ نے نایاب اور مہلک کینسر "کوریوکارسینوما” سے صحتیابی کا انکشاف کیا، مداحوں کو باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کا مشورہ دے دیا۔
پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ اریج فاطمہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ نایاب اور تیزی سے پھیلنے والے کینسر "کوریوکارسینوما” میں مبتلا رہیں اور اب صحتیاب ہو چکی ہیں۔
اریج فاطمہ نے سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی معمول کے مطابق گزر رہی تھی اور وہ لمبی عمر کی توقع کر رہی تھیں، لیکن اچانک اس مہلک مرض کی تشخیص ہوئی، جو مولر پریگننسی کے بعد پیدا ہو سکتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق، گزشتہ چار ماہ ان اور ان کے خاندان کے لیے انتہائی مشکل ثابت ہوئے۔ انہوں نے بیماری کے دوران کسی سے بات نہیں کی کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ لوگ مذاق اڑائیں گے۔ اریج نے کہا کہ انہیں دو بڑے خوف لاحق تھے: اللہ کے سامنے حساب دینا اور خاندان کا مستقبل۔
انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کروائیں تاکہ کسی بیماری کو بروقت پکڑا جا سکے۔ اریج نے صحتیابی کے بعد اس زندگی کو اپنی "دوسری زندگی” قرار دیا اور خاندان کی بھرپور سپورٹ پر شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ اریج فاطمہ نے 2017 میں ڈاکٹر اوزیر علی سے شادی کی، ان کے دو بیٹے ہیں اور وہ امریکی ریاست اوہائیو میں رہائش پذیر ہیں۔ 2019 میں ڈرامہ سیریل "حسد” کے بعد انہوں نے شوبز چھوڑ دیا تھا۔ ان کے مقبول ڈراموں میں "ایک پل”، "آپ کے لیے”، "عشق پرست” اور "ہم نشین” شامل ہیں۔