پاکستانی اداکار، گلوکار اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اذان سمیع خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان پر متعدد بار دباؤ ڈالا گیا کہ وہ اپنے والد، معروف گلوکار عدنان سمیع خان کے خلاف بیان دیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنے والد سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ان کی بطور والد عزت کرتے ہیں۔
والد سے اختلاف مگر تعلق برقرار
اذان سمیع نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا: ’’مجھ سے کئی بار کہا گیا کہ والد سے لاتعلقی کا اظہار کروں، لیکن میں ایسا نہیں کر سکتا۔‘‘
’’بطور پاکستانی، والد کی کئی باتوں سے اتفاق نہیں کرتا مگر والد کے رشتے کی عزت ہمیشہ قائم رہے گی۔‘‘
سوشل میڈیا پر تنقید اور تکلیف
انہوں نے شکوہ کیا کہ جب بھی سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹ کرتے ہیں تو لوگ انہیں ’’غدار کا بیٹا‘‘ کہہ کر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: ’’میں نے پاکستان کی انڈسٹری میں رہنے اور کام کرنے کا انتخاب کیا ہے۔‘‘ ’’پھر بھی مجھے والد کے فیصلوں کی وجہ سے نفرت سہنی پڑتی ہے۔‘‘
بھارت میں والد کی عزت، پاکستان سے اپنی محبت
اذان نے کہا کہ ان کے والد کی بھارت میں بہت عزت ہے، انہیں وہاں کی شہریت اور پدم شری ایوارڈ ملا ہوا ہے۔ ’’میں چاہوں تو بھارت جا سکتا ہوں لیکن میں نے کبھی ایسا نہیں کیا۔‘‘
’’مجھے اپنے ملک پاکستان سے محبت ہے اور یہ محبت ہمیشہ قائم رہے گی۔‘‘
View this post on Instagram
حب الوطنی پر سوالات
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی والدہ اور آبا و اجداد سب حب الوطن ہیں، لیکن پھر بھی انہیں اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کے لیے بار بار سوالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
’’کیا مجھے پوری زندگی یہ ثابت کرنا ہوگا کہ میں محب وطن ہوں؟‘‘
اذان سمیع نے اس صورتحال کو ’’بہت تکلیف دہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ دل سے پاکستانی ہیں اور ہمیشہ اپنے ملک کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔