پاکستانی اداکارہ عائزہ خان اور ان کے شوہر دانش تیمور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں دونوں کے درمیان دلچسپ اور مزاحیہ گفتگو دیکھنے میں آئی۔ یہ ویڈیو شگاگو میں ایک تقریب کے دوران بنائی گئی جہاں مداحوں نے اس مشہور جوڑی سے سوالات کیے۔
تقریب کے دوران عائزہ خان نے شرارتی انداز میں دانش تیمور سے کہا کہ وہ ڈراموں میں اپنی ہیروئنز کے ساتھ خوب رومانس کرتے ہیں اس لیے اب سب کے سامنے اپنی بیوی سے بھی اظہار محبت کریں۔ عائزہ نے مزید کہا کہ وہ ان کی بیوی ہیں اور سب کے سامنے ان سے “آئی لو یو” سننا چاہتی ہیں جیسے وہ ٹی وی پر اپنی ہیروئنز سے کہتے ہیں۔
دانش تیمور پہلے تو شرما گئے پھر مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ گھر پر ہر وقت اپنی بیوی سے پیار کا اظہار کرتے ہیں۔ عائزہ نے برجستہ کہا کہ وہ ساتھی اداکارہ کے طور پر اب اظہار محبت کریں۔ جب دانش نے بات ٹالنے کی کوشش کی تو عائزہ نے ناظرین سے کہا کہ دیکھا آپ سب نے دانش ہمیں گھما رہے ہیں۔
مداحوں کے اصرار پر دانش تیمور نے ہنستے ہوئے کہا کہ سب اتنے خوش ہیں جیسے میری دوبارہ شادی کروا رہے ہوں۔ عائزہ نے اس موقع پر کہا کہ محبت کا اظہار سب کے سامنے کرتے رہنا چاہیے کیونکہ اس سے رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔ دانش تیمور نے جواب دیا کہ محبت “آئی لو یو” کہنے سے نہیں بلکہ دل میں ہونے سے بڑھتی ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے اور مداحوں نے عائزہ اور دانش کی جوڑی کو خوب سراہا۔ شائقین کا کہنا ہے کہ یہ جوڑی حقیقی زندگی میں بھی اتنی ہی خوبصورت اور پُرمزاح ہے جتنی آن اسکرین دکھائی دیتی ہے۔
