پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ میرب علی کے درمیان منگنی کا رشتہ اختتام کو پہنچ گیا۔ گلوکار نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں نے باہمی رضا مندی سے راستے جدا کر لیے ہیں۔
عاصم اظہر نے اپنی پوسٹ میں لکھا: "ہم نے ایک ساتھ کئی خوبصورت لمحے گزارے اور ایک روشن مستقبل کی امید رکھی، لیکن زندگی ہمیشہ ہماری توقعات کے مطابق نہیں چلتی۔”
انہوں نے کہا کہ رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ مشکل ضرور تھا لیکن باعزت اور باہمی سمجھوتے سے کیا گیا ہے۔
اس اعلان کے ساتھ ہی عاصم اظہر نے میرب علی کے ساتھ شیئر کی گئی تمام تصویریں اور پوسٹس اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہٹا دی ہیں، جس پر مداحوں نے ملا جلا ردعمل دیا ہے۔
یاد رہے کہ عاصم اظہر نے 2022 میں اداکارہ ہانیہ عامر سے علیحدگی کے بعد میرب علی سے اپنے تعلقات کو باقاعدہ شکل دی تھی۔ دونوں نے اہل خانہ کی رضا مندی سے منگنی کی تھی اور متعدد مواقع پر ایک ساتھ تقریبات میں شریک بھی ہوئے۔
عاصم اظہر اور میرب علی کی جوڑی کو ان کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا تھا، اور ان کے درمیان علیحدگی کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔