ارجن کپور نے اپنے وزن میں 50 کلو کمی کی کہانی شیئر کی، فاسٹ فوڈ، چینی اور کاہلی سے پرہیز کو کامیابی کا راز قرار دیا۔
بالی وڈ کے معروف اداکار ارجن کپور نے اپنے وزن میں 50 کلو کمی کے سفر کا انکشاف کرتے ہوئے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ارجن کپور نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل ان کا وزن 140 کلوگرام تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوعمری کے دوران ان کا طرزِ زندگی غیر متحرک تھا اور وہ یہ سمجھتے تھے کہ صرف چہل قدمی ہی ایک واحد جسمانی سرگرمی ہے، جس کا فائدہ وزن گھٹانے میں ہو سکتا ہے۔
ارجن کپور نے بتایا کہ انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے جسمانی طور پر متحرک رہنے کو اپنا معمول بنایا۔ اگر آپ کھانے کے بعد آرام کریں گے اور کوئی جسمانی سرگرمی نہیں کریں گے تو وزن بڑھنے کی شکایت کرنا بے معنی ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ خود بھی کھانے کے بہت شوقین ہیں، لیکن وزن کم کرنے کے لیے انہوں نے فاسٹ فوڈ، چینی اور کاربوہائیڈریٹس سے اجتناب برتا اور ان کی جگہ صحت بخش غذا کو ترجیح دی۔
اداکار نے ایک اور انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے وزن میں اضافے کی ایک بڑی وجہ "تھائرائیڈ گلینڈ” کی بیماری تھی، جس کا شکار ان کی والدہ اور بہن بھی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک طبعی بیماری ہے جو وزن میں بے قابو اضافے کا باعث بن سکتی ہے، لیکن باقاعدہ کنٹرول، ورزش اور پرہیز کے ذریعے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ ارجن کپور نہ صرف اپنے وزن کے سفر کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں بلکہ حالیہ دنوں میں وہ ملائکہ اروڑا سے علیحدگی اور اپنی ذاتی زندگی پر دیے گئے بیانات کے باعث بھی سوشل میڈیا پر خاصے زیرِ بحث ہیں۔