بالی وڈ کی آواز خاموش؟ اریجیت سنگھ کا چونکا دینے والا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول اور دلوں پر راج کرنے والے گلوکار اریجیت سنگھ نے فلموں میں پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے مداحوں کو حیرت اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اریجیت سنگھ کو بالی وڈ کی موجودہ موسیقی کا سب سے مضبوط اور لازمی ستون سمجھا جاتا ہے۔ ان کے اس فیصلے نے نہ صرف شوبز حلقوں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ایک ہلچل مچا دی ہے۔

latest urdu news

اریجیت سنگھ نے یہ غیر متوقع اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے کیا۔ انہوں نے پیغام کا آغاز نئے سال کی مبارک باد سے کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برسوں سے ملنے والی بے پناہ محبت ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ اریجیت نے لکھا کہ وہ خوش دلی کے ساتھ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ اب وہ بطور پلے بیک گلوکار کسی نئی فلم کے لیے گانا نہیں گائیں گے اور اس سفر کو یہیں ختم کر رہے ہیں۔

اپنے پیغام میں اریجیت سنگھ نے اس فیصلے کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی، تاہم انہوں نے اپنے کیریئر کو ایک ’’خوبصورت اور یادگار سفر‘‘ قرار دیا۔ ان کے الفاظ نے یہ تاثر دیا کہ یہ فیصلہ اچانک نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے، اگرچہ انہوں نے مستقبل کے منصوبوں یا موسیقی سے مکمل کنارہ کشی کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔

اریجیت سنگھ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کا شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ کئی صارفین نے اسے مذاق یا اکاؤنٹ ہیک ہونے کا امکان قرار دیا، جبکہ کچھ نے جذباتی انداز میں لکھا کہ بالی وڈ کی موسیقی اریجیت سنگھ کے بغیر ادھوری محسوس ہوگی۔ مداحوں کی بڑی تعداد نے ان سے فیصلہ واپس لینے کی اپیل بھی کی اور ان کی آواز کو ’’ایک نسل کی پہچان‘‘ قرار دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اریجیت سنگھ نے تاحال اپنے اس فیصلے کی وجوہات پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جس کی وجہ سے قیاس آرائیاں بھی جنم لے رہی ہیں۔ کچھ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ وہ ذاتی زندگی، روحانی سفر یا موسیقی کے کسی نئے انداز کی طرف جانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اریجیت سنگھ نے بالی وڈ کو بے شمار یادگار گیت دیے جنہوں نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔ فلم عاشقی 2 کا گانا ’’تم ہی ہو‘‘ ان کی پہچان بن گیا، جبکہ ’’چنّا میرےیا‘‘، ’’پھر بھی تم کو چاہوں گا‘‘ اور ’’ہوائیں‘‘ جیسے گانے آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔ اریجیت سنگھ کو دو نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا اور 2025 میں انہیں بھارت کے اعلیٰ سول اعزاز پدم شری سے بھی سرفراز کیا گیا۔

ان کی ریٹائرمنٹ کا اعلان یقیناً بالی وڈ موسیقی کے لیے ایک بڑا موڑ ثابت ہو سکتا ہے، اور اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آیا یہ الوداع مستقل ہے یا محض ایک وقفہ۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter