ممبئی: بالی وڈ کی مشہور اداکارہ انوشکا شرما طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر فلمی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔ تقریباً سات سال بعد ان کی نئی فلم ریلیز کے لیے تیار ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوشکا شرما کی واپسی ایک اسپورٹس بائیوگرافیکل فلم کے ذریعے ہو رہی ہے جس کا نام ’چکڑا ایکسپریس‘ رکھا گیا ہے۔ یہ فلم سنیما گھروں کے بجائے نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کئی ماہ پہلے مکمل ہو چکی تھی، تاہم پروڈکشن کمپنی اور نیٹ فلکس کے درمیان اختلافات کی وجہ سے اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہو گئی۔ اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلم جلد ریلیز کر دی جائے گی اور رسمی تاریخ کا اعلان آئندہ چند دنوں میں کیا جائے گا۔
فلم میں انوشکا شرما ایک کرکٹر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ کہانی بھارتی خاتون کرکٹر جھلن گوسوامی کی زندگی پر مبنی ہے جو 2002 سے 2022 تک بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہیں۔ جھلن گوسوامی کا تعلق ریاست مغربی بنگال کے قصبے ’چکڑا‘ سے ہے، اور اسی مقام کے نام پر فلم کا ٹائٹل رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ انوشکا شرما کی آخری فلم ’زیرو‘ (2018) تھی، جس میں انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا تھا۔
