پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے شوبز انڈسٹری میں تلخ تجربات کی وجہ سے ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کی وجہ سے وہ پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (PTSD) کا شکار ہو گئی ہیں۔ انسٹاگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے علیزے نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں انہیں سخت ذہنی صدمے کا سامنا کرنا پڑا، جس نے انہیں خود سے نفرت کرنے اور خود کو کمتر سمجھنے پر مجبور کر دیا۔
علیزے شاہ نے واضح کیا کہ وہ اس انڈسٹری کے لوگوں کو بےنقاب کرنے کی وجہ کام کی خواہش نہیں بلکہ اپنی تکلیف بانٹنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں ہر روز بارہ گھنٹے تک سیٹ پر غیر مہذب رویہ برداشت کرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ علیزے نے کہا کہ ان کا صرف یہ مطالبہ ہے کہ انہیں تنہا چھوڑ دیا جائے تاکہ وہ اپنی زندگی معمول پر لا سکیں۔
علیزے شاہ کے اور منسا ملک کے درمیان جھگڑا بھی گزشتہ دنوں شدت اختیار کر گیا تھا، جس میں منسا ملک کی جانب سے تھپڑ مارنے کے الزام کے بعد علیزے نے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد دونوں اداکاراؤں کے درمیان سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ PTSD ایک ایسا ذہنی عارضہ ہے جو شدید خوفناک یا صدمہ خیز واقعات کے بعد انسان کو لاحق ہو سکتا ہے، اور علیزے شاہ کے ان تجربات سے ان کی ذہنی صحت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔