آن لائن گیم کے دوران اجنبی شخص کی جانب سے نازیبا تصاویر بھیجنے کا مطالبہ، اکشے کمار کا سائبر تحفظ کے لیے سخت اقدامات پر زور
ممبئی: بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے اپنی بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار نے ممبئی میں منعقدہ ’سائبر آگاہی ماہ 2025ء‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ چند ماہ قبل ان کی بیٹی آن لائن ویڈیو گیم کھیل رہی تھی، جب ایک نامعلوم شخص نے اسے نازیبا تصاویر بھیجنے کے لیے دھمکایا اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔
اداکار کے مطابق ان کی بیٹی نے فوری طور پر اپنی والدہ ٹوئنکل کھنہ کو یہ بات بتائی اور گیم کھیلنا بند کر دیا۔ اکشے کمار نے کہا کہ ’’یہ واقعہ ہمارے لیے ایک تلخ مگر اہم سبق ثابت ہوا کہ ڈیجیٹل دنیا میں خطرات کس قدر تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔‘‘
سلمان خان نے ایشوریا سے بریک اپ کے بعد کیا کیا؟ ہدایتکار کا حیران کن انکشاف
اکشے کمار نے کہا کہ سائبر کرائم اب روایتی جرائم سے زیادہ خطرناک صورت اختیار کر چکا ہے، جس سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ریاستی سطح پر مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ اسکولوں میں ساتویں سے دسویں جماعت تک کے طلبا کے لیے ہر ہفتے ایک سائبر سیفٹی کلاس لازمی رکھی جائے، تاکہ بچے انٹرنیٹ کے خطرات، آن لائن استحصال اور ڈیجیٹل احتیاط کے اصولوں سے آگاہ رہیں۔
اکشے کمار نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کے آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں یہ سکھائیں کہ اجنبیوں کے ساتھ گفتگو یا تصاویر شیئر کرنا کتنا خطرناک ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "آن لائن گیمز اور چیٹ پلیٹ فارمز پر کئی درندہ صفت افراد معصوم ذہنوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، لہٰذا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب اپنے بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔”