بالی وڈ کے معروف جوڑے ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن نے یوٹیوب اور اس کی پیرنٹ کمپنی گوگل کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں 4 کروڑ بھارتی روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ اس مقدمے کی بنیاد ان کی جعلی اور غیر اخلاقی ڈیپ فیک ویڈیوز ہیں، جو حالیہ دنوں میں یوٹیوب پر وائرل ہوئیں۔ اداکار جوڑے کا مؤقف ہے کہ ان ویڈیوز نے ان کی نجی زندگی اور ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
عدالتی درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ یوٹیوب ان تمام ویڈیوز کو فوری طور پر ہٹائے اور آئندہ اس نوعیت کے مواد پر سخت پابندی عائد کرے، تاکہ ذہنی اذیت اور شخصی املاک کے حقوق کی خلاف ورزی روکی جا سکے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ یوٹیوب کو ایسے حفاظتی اقدامات بھی کرنے چاہئیں کہ ان کی تصویریں اور ویڈیوز مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال نہ ہوں، کیونکہ اس سے گمراہ کن معلومات اور جھوٹے بیانیے پھیلنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ ہفتوں میں یوٹیوب کو مختلف قانونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقدمے کے تصفیے کے لیے بھی یوٹیوب کو 2 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کرنا پڑی تھی۔ اب ایشوریا اور ابھیشیک کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم ڈیپ فیک مواد کے خلاف قانونی جدوجہد میں ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہے۔