معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے قریبی دوست زین احمد سے کینیڈا میں سادہ تقریب میں نکاح کر لیا، سوشل میڈیا پر تصویر وائرل۔
لاہور،پاکستان کی معروف پاپ گلوکارہ آئمہ بیگ اور ان کے قریبی دوست زین احمد بالآخر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ نجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق دونوں نے کینیڈا میں ایک سادہ مگر باوقار نجی تقریب میں نکاح کیا، جس میں قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
آئمہ بیگ اور زین احمد کی شادی کی خبر اُس وقت منظر عام پر آئی جب ان کی نکاح کی ایک تصویر رات گئے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ تصویر میں دونوں کو شادی کے لباس میں ایک ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے، جس سے ان کے رشتے کی باضابطہ تصدیق ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق آئمہ اور زین کو گزشتہ کئی ماہ سے مختلف تقریبات اور مقامات پر ایک ساتھ دیکھا جا رہا تھا، جب کہ دونوں نے اپنے تعلق کا اظہار انسٹاگرام پر بھی کیا تھا۔ مداحوں کی جانب سے اس نئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئمہ بیگ کی منگنی معروف اداکار شہباز شگری سے طے پائی تھی، تاہم کچھ عرصے بعد دونوں نے سوشل میڈیا پر علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔ اس کے بعد آئمہ اور زین احمد کی قربتیں خبروں میں آنے لگیں، جن پر دونوں نے زیادہ تبصرہ کرنے سے گریز کیا، البتہ سوشل میڈیا پر چند تصاویر اور تبصروں سے ان کے تعلق کی جھلک ضرور ملتی رہی۔
اب باقاعدہ شادی کے بعد یہ جوڑا ایک نئے سفر کا آغاز کر چکا ہے، جب کہ شوبز انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے انہیں ازدواجی زندگی کی خوشیوں اور کامیابیوں کے لیے مبارکباد دی جا رہی ہے۔