اداکار و ہدایتکار احمد حسن کے ایک بیان نے سوشل میڈیا پر زبردست ردِعمل پیدا کر دیا۔ ایک نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے احمد حسن نے انکشاف کیا کہ وہ ہر رات سونے سے پہلے اپنی اہلیہ نوشین احمد کے پاؤں دباتے ہیں تاکہ وہ سکون سے سو سکیں، اور ان کے بقول، انہیں اس سے "روحانی برکت” حاصل ہوتی ہے۔
شو کے دوران احمد حسن نے کہا: "بیوی کے پاؤں دبانا میری روز کی عادت ہے، وہ تھکی ہوتی ہے، اور مجھے اس سے دلی سکون ملتا ہے۔”
ان کی اہلیہ نوشین احمد نے بھی ہنستے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔
یہ بات سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا۔ مرد صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا۔ کچھ نے اسے نجی بات قرار دیا جو ٹی وی پر شیئر نہیں ہونی چاہیے تھی، جبکہ بعض نے اسے "شوہر کی خودداری کے خلاف” تصور کیا۔
دوسری طرف خواتین صارفین نے احمد حسن کے جذبے کو سراہا۔ ایک صارف نے لکھا: "یہی تو اصل محبت ہے، جہاں شوہر بیوی کی راحت کو اپنی عبادت سمجھے۔”
ایک اور خاتون نے تبصرہ کیا: "کاش ہمارے معاشرے کے مرد بھی اسی طرح سوچنے لگیں تو گھر جنت بن جائے۔”
احمد حسن کا بیان بظاہر ایک سادہ سی گھریلو بات لگتی ہے، لیکن اس نے ازدواجی تعلقات، محبت، خدمت اور برابری جیسے حساس موضوعات پر ایک وسیع سماجی مکالمہ چھیڑ دیا ہے۔