اداکارہ نادرہ کو بچھڑے 30 برس بیت گئے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجابی فلموں کی معروف اداکارہ نادرہ کو 6 اگست 1995 کو قتل کر دیا گیا، آج ان کی 30ویں برسی عقیدت سے منائی گئی۔

لاہور، پنجابی فلم انڈسٹری کی خوبصورت اور مقبول اداکارہ نادرہ کو دنیا سے رخصت ہوئے 30 برس بیت چکے ہیں، لیکن ان کے مداح آج بھی ان کی رقص، اداکاری اور دلکش شخصیت کو یاد کرتے ہیں۔

latest urdu news

1968ء میں لاہور میں پیدا ہونے والی نادرہ نے صرف آٹھ سال کے قلیل عرصے میں فلمی دنیا میں وہ مقام حاصل کیا جو بہت سے فنکار برسوں میں حاصل نہیں کر پاتے۔

نادرہ نے فلمی کیریئر کا آغاز 1986ء میں ہدایتکار یونس ملک کی فلم ’’آخری جنگ‘‘ سے کیا، تاہم ان کی پہلی ریلیز ہونے والی فلم ’’نشان‘‘ بنی، جس سے انہیں شہرت ملی۔ انہوں نے سلطان راہی، اظہار قاضی اور دیگر بڑے ستاروں کے ساتھ کام کیا، تاہم ان کی جوڑی اسماعیل شاہ کے ساتھ سب سے زیادہ مقبول ہوئی۔ شائقین ان کے فلمی رقص، جاندار اداکاری اور منفرد انداز کے دلدادہ رہے۔

نادرہ نے ایک ایسے وقت میں فلم انڈسٹری میں جگہ بنائی جب صائمہ، نیلی اور انجمن جیسی سپرسٹارز فلمی دنیا پر راج کر رہی تھیں، لیکن انہوں نے اپنے انفرادی اسٹائل اور صلاحیتوں سے اپنا مقام الگ بنایا۔ انہوں نے ’’لاہوری بدمعاش‘‘، ’’ظلم دا سورج‘‘، ’’محمد خان‘‘، ’’کمانڈو ایکشن‘‘ اور ’’تحفہ‘‘ جیسی درجنوں کامیاب فلموں میں کام کیا۔

1993ء میں نادرہ نے سونے کے کاروبار سے وابستہ ملک اعجاز حسین سے شادی کی اور فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔ مگر قسمت نے وفا نہ کی، اور 6 اگست 1995ء کو لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر فائرنگ کا نشانہ بن کر اپنی جان کی بازی ہار گئیں۔

یاد رہے کہ نادرہ پاکستان فلم انڈسٹری کی ان چند اداکاراؤں میں شامل تھیں جنہوں نے قلیل وقت میں بے پناہ شہرت حاصل کی، مگر ان کی ناگہانی موت نے فن اور فلم کے دیوانوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا۔ وہ میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter