پاکستانی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ خوشبو خان نے اپنے شوہر ارباز خان سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق گردش کرتی خبروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
حال ہی میں ایک مقامی صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں خوشبو خان نے کہا کہ بعض میڈیا اداروں نے غلط طور پر یہ خبر نشر کی کہ ان کی اور ارباز خان کی طلاق ہو چکی ہے۔ اداکارہ کے مطابق، ’’میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ہمارا رشتہ ختم ہو گیا ہے۔ میں صرف اتنا کہتی تھی کہ اس بارے میں ارباز سے سوال کیا جائے۔‘‘
خوشبو خان نے واضح کیا کہ وہ آج بھی ارباز خان کے نکاح میں موجود ہیں اور دونوں کے درمیان طلاق نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے نہ کبھی ارباز کے خلاف بات کی ہے اور نہ ہی کبھی ایسا سوچا۔ وہ میرے بچوں کے والد ہیں اور میری زندگی کا اہم حصہ ہیں۔‘‘
یاد رہے کہ اس سے قبل خوشبو خان نے ایک انٹرویو میں ارباز خان پر دھوکا دہی اور لاتعلقی کے الزامات عائد کیے تھے۔ اس بیان کے بعد مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی طلاق کی افواہیں گردش کرنے لگیں، جنہیں اب اداکارہ نے صاف طور پر مسترد کر دیا ہے۔
ارباز بغیر بتائے کہیں چلے گئے اور واپس نہیں آئے، خوشبو نے علیحدگی کی تصدیق کردی
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ارباز خان کئی برسوں سے ان کے ساتھ نہیں رہ رہے، تاہم وہ اب بھی ان کے لیے عزت و احترام کے جذبات رکھتی ہیں۔ خوشبو نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں میڈیا غیر مصدقہ خبروں کے بجائے درست معلومات عوام تک پہنچائے۔
