پاکستان کے معروف اداکار راشد محمود نے سوشل میڈیا پر یوٹیوبرز پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان سے انٹرویو لینے کے لیے نہ آئیں۔ انہوں نے اپنے وقار کو مجروح کرنے کی شکایت کی اور واضح پیغام دیا کہ انہیں انٹر ویو یا کسی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔
اداکار راشد محمود نے اپنی ایک ویڈیو میں مداحوں اور یوٹیوبرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، “میں بہت دکھی دل سے گزارش کررہا ہوں، یوٹیوبرز سے گزارش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے چینلز بنائے ہوئے ہیں، برائے مہربانی میرے پاس نہ آئیں، نہ مجھے انٹرویو کی ضرورت ہے اور نہ ہی مجھے آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر یوٹیوبرز انٹرویو میں گفتگو کو مختلف انداز میں پیش کرتے ہیں اور ہیڈنگز ایسا بناتے ہیں جو حقیقت سے ہٹ کر ہوتی ہیں۔ راشد محمود نے کہا، “اپنے ویوز کے لیے آپ مجھے سے گفتگو کچھ اور کرکے جاتے ہیں اور ہیڈنگز کچھ اور بنا دیتے ہیں، میرے وقار پر بات آگئی ہے، ایسا لگ رہا ہے مجھے فقیر بنا دیا گیا ہے۔ میں نے انٹرویو میں ایسا کچھ نہیں کہا، اگر کوئی ایسا کرے گا تو میں کیس کردوں گا۔”
واضح رہے کہ چند روز قبل راشد محمود نے اپنی صحت کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے مہروں کی تکلیف کے بارے میں اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔ اس کے بعد مختلف یوٹیوب چینلز نے اداکار کا انٹرویو لیا، جس کے دوران مبینہ طور پر گفتگو کو ترمیم کرکے پیش کیا گیا، جس سے اداکار کی ناراضگی سامنے آئی۔
یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ سوشل میڈیا پر مواد کی ترمیم اور ہیڈنگز کی تبدیلی کبھی کبھار اصل مقصد اور گفتگو کو مسخ کر سکتی ہیں، جس سے فنکار اور عوام دونوں کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ راشد محمود نے اپنے پیغام کے ذریعے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی نجی معلومات اور صحت کے حوالے سے بات چیت کو اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں اور میڈیا کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ پیشکشوں کو برداشت نہیں کریں گے۔
