لاہور، پاکستان کے لیجنڈری مزاحیہ اداکار منور ظریف کو دنیا سے رخصت ہوئے 49 برس گزر چکے ہیں۔
منور ظریف کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا، وہ مشہور مزاحیہ اداکار ظریف کے بھائی تھے، انہوں نے فلمی دنیا میں اپنے سفر کا آغاز پنجابی فلم "ہتھ جوڑی” سے کیا، جو ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی اور ان کی شہرت کا باعث بنی۔
اپنے 16 سالہ شاندار فلمی کیریئر کے دوران منور ظریف نے 300 سے زائد فلموں میں اداکاری، صداکاری اور مزاحیہ کرداروں سے پاکستانی سنیما میں گہرے نقوش چھوڑے، جو آج بھی مداحوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔
انہوں نے نہ صرف بطور اداکار اور کامیڈین بلکہ ایک باصلاحیت فلمی ڈانسر کے طور پر بھی خود کو منوایا۔ مزاحیہ اداکاری میں وہ اپنی مثال آپ تھے، خصوصاً نسوانی کرداروں میں ان کی مہارت بے مثال مانی جاتی ہے۔
منور ظریف کا انتقال 36 برس کی عمر میں 29 اپریل 1976 کو لاہور میں ہوا، لیکن ان کی فنکارانہ وراثت آج بھی زندہ ہے۔