سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ کا کہنا ہے کہ انہیں کئی مرد شادی کی پیشکش کرتے ہیں۔
لاہور، دین اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ اُنہیں کئی مرد شادی کی پیشکش کرتے ہیں۔
گلوکارہ رابی پیرزادہ نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے شادی کی پیشکش اور ملک میں طلاق کی بڑھتی شرح سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ کا یہ کہنا تھا کہ مجھے روزانہ کی بنیاد پر شادی کے لئے بہت سارے پروپوزل آتے ہیں، میری فاؤنڈیشن کے 8 سے 10 فون نمبرز ہیں اور اگر آپ اُن نمبرز پر آنے والے میسجز دیکھیں تو ہر دوسرے میسج میں کسی نہ کسی مرد نے مجھے شادی کی پیشکش کی ہوتی ہے۔
سابق گلوکارہ کا مزید یہ کہنا تھا کہ ہر دوسرے مرد کی جانب سے شادی کی پیشکش کی وجہ یہ ہے کہ آج کل کے مرد شوبز سے وابستہ گلیمرس لڑکیوں کو بہت پسند کرتے ہیں میرے نزدیک یہ ٹھیک نہیں ہے۔
رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ میری مردوں سے گزارش ہے کہ وہ گلیمرس لڑکیوں کے بجائے اپنے اردگرد موجود سادہ لڑکیوں کے بارے میں سوچیں، ضروری نہیں شوبز انڈسٹری سے منسلک لڑکیاں ہی خوبصورت ہوتی ہیں، اردگرد کی لڑکیاں بھی آپ کی منتظر ہیں۔