پاکستانی ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے برطانیہ کی معروف سیاسی جماعت لبرل ڈیموکریٹس کے ذریعے برطانوی سیاست میں قدم رکھ دیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ نے انکشاف کیا کہ وہ باضابطہ طور پر برطانوی سیاست کا حصہ بن چکی ہیں اور حالیہ انتخابات میں لبرل ڈیموکریٹس کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائی ہے۔
حریم شاہ کا کہنا تھا، "میں لبرل ڈیموکریٹس کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔ میرا عزم ہے کہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بہترین کردار ادا کروں اور اس ملک کی سیاست میں مثبت کردار ادا کروں۔”
انہوں نے مزید کہا، "پاکستانی ہونے کے ناطے، برطانوی پارلیمنٹ میں بیٹھ کر سیاسی طور پر کچھ کرنے کا موقع میرے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔” حریم نے یہ بھی بتایا کہ اس جماعت میں ان کے چند قریبی دوست بھی سرگرم ہیں، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کے کئی افراد بھی لبرل ڈیموکریٹس کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
تعلیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حریم شاہ نے بتایا کہ برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع انہیں بہت پسند آیا، جہاں انہیں میرٹ کی بنیاد پر ایل ایل بی میں داخلہ ملا۔ "میں پہلے ہی پاکستان سے ماسٹرز مکمل کر چکی ہوں اور حافظ قرآن بھی ہوں۔ اب میں برطانیہ میں ایل ایل بی کر رہی ہوں، اور خوش قسمتی سے میری تعلیم، رہائش، جم کے اخراجات اور یہاں تک کہ کالج کے لیے ٹرانسپورٹ کا خرچہ بھی برطانوی حکومت ادا کر رہی ہے۔”
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں تعلیم اور سیاست کے میدان میں کامیابی حاصل کرنا ان کی زندگی کا ایک اہم سنگ میل ہے، اور وہ اس سفر کو مزید آگے لے جانے کا عزم رکھتی ہیں۔