لاہور ،پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل عزیقہ ڈینیل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں انڈسٹری میں مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کے دوران عزیقہ ڈینیل نے شوبز انڈسٹری کے مخصوص رویوں اور عیسائی ہونے کی وجہ سے پیش آنے والے مسائل پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر شوبز کو ایک لبرل شعبہ سمجھا جاتا ہے، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، مجھے بڑے ناموں کی جانب سے 50 افراد پر مشتمل عملے کے سامنے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا اور افسوس کی بات یہ ہے کہ کسی نے بھی اس رویے کے خلاف آواز نہیں اٹھائی۔
حسین اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اس مسئلے پر احتجاج نہیں کیا کیونکہ ایسا کرنے سے انہیں سائیڈ لائن کر دیا جاتا۔
اداکارہ نے انڈسٹری کے دیگر رجحانات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ آج کل کچھ اداکار اپنے ساتھی فنکاروں کے کردار حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ایسے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے سے گریز کرتے ہیں جن کے انسٹاگرام فالوورز کم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے لوگ اداکاری کے بجائے دیگر چیزوں پر زیادہ توجہ دیتے ہیں، مگر میں شکر گزار ہوں کہ میں نے کبھی کسی کے ساتھ ایسا رویہ اختیار نہیں کیا۔