گجرات پولیس نے دریائے چناب کے گہرے پانی میں نہانے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
گجرات: دریائے چناب میں نہاتے ہوئے دو منچلے نوجوان پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔ وزیرآباد کے رہائشی شاہزیب اور فخر عمران گہرے پانی میں ڈبکیاں لگا رہے تھے کہ تھانہ صدر گجرات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو نہر سے نکال کر حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق دریاؤں اور نہروں میں نہانے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔ پولیس نے دونوں نوجوانوں کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔
یاد رہے کہ گرمیوں کے موسم میں شہریوں کی بڑی تعداد نہروں اور دریاؤں کا رخ کرتی ہے، تاہم حکام کی جانب سے ہر سال حفاظتی اقدامات کے تحت ایسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جاتی ہے تاکہ ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکا جا سکے۔ گزشتہ برس بھی درجنوں نوجوان گہرے پانی میں نہاتے ہوئے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔