گجرات میں ایک ہی رات کے دوران ہونے والے دو الگ الگ پولیس مقابلوں میں خطرناک جرائم میں ملوث دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
گجرات میں ایک ہی رات کے دوران ہونے والے دو مختلف پولیس مقابلوں میں خطرناک جرائم میں ملوث دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پہلا مقابلہ رات گئے پیش آیا، جس میں منیب علی ولد ذوالفقار علی، سکنہ محلہ صوفی پورہ، ضلع منڈی بہاولدین، پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق منیب علی ضلع منڈی بہاولدین میں ایک سنگین مقدمے میں عدالتی مفرور تھا اور اس کا مجرمانہ ریکارڈ خاصا طویل ہے۔
دوسرا پولیس مقابلہ اسی رات پیش آیا، جس میں علی رضا عرف چونڈی ولد رفاقت علی، سکنہ محلہ مجاہد آباد، ضلع منڈی بہاولدین، زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق علی رضا عرف چونڈی ضلع منڈی بہاولدین کے انتہائی مطلوب ملزمان میں شمار ہوتا ہے، جب کہ اس کا ایک ساتھی، نعمان اعجاز، پہلے ہی ایک پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان درجنوں سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف مضبوط کریمنل ریکارڈ موجود ہے۔ مزید یہ کہ دونوں مجرم اپنی ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے، جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔