گجرات میں سی سی ڈی نے تین دن میں ناجائز اسلحہ، موٹر سائیکل چوری، اور لاپتہ بچے کی بازیابی جیسے اہم کامیاب آپریشن کیے۔
گجرات میں محکمہ پولیس کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) سی سی ڈی نے جرائم کے خلاف تین روزہ کریک ڈاؤن کے دوران شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ پہلی کارروائی میں ملزم ذیشان بشارت کو ناجائز اسلحہ کی نمائش پر گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے کلاشنکوف اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ دوسری کارروائی میں چوری شدہ ہونڈا 125 موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی اور ملزم سفیان کو گرفتار کر کے تھانہ ڈنگہ کے حوالے کر دیا گیا۔ تیسری اہم کارروائی میں CCD نے ایک لاپتہ نابالغ بچہ، صدام خان کو بحفاظت بازیاب کر کے والدین کے حوالے کیا۔ بچہ ایک ہوٹل میں کام کرتا ہوا پایا گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر CCD سید عامر عباس شیرازی نے عزم ظاہر کیا کہ گجرات میں ناجائز اسلحہ، چوری، اور لاپتہ افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ سی سی ڈی گجرات نے ماضی میں بھی کئی اہم مقدمات میں مؤثر کارروائیاں کر کے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے۔