گجرات میں سیلابی صورتحال تشویشناک، عوام کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں: چوہدری شافع حسین

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات: صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر سے آنے والے سیلابی ریلے نے گجرات شہر کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو روز سے مسلسل جاگ رہے ہیں اور تمام ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

latest urdu news

چوہدری شافع حسین نے انکشاف کیا کہ سیلاب کے باعث گاؤں لوراں اور مدینہ سیداں کا حفاظتی بند ٹوٹ چکا ہے، جسے بحال کرنے کے لیے رات بھر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا، "میری کوشش ہے کہ شہریوں کو اس ناگہانی آفت سے کم سے کم نقصان ہو۔”

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گجرات شہر سے پانی نکالنے کے لیے ایک عارضی نالہ بنایا جا رہا ہے جو شہر کے پانی کو براہ راست دریائے چناب میں پھینکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہماری امید ہے کہ آج ہر صورت میں حفاظتی بند کو مکمل کر دیا جائے گا۔”

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے تھے، لیکن گجرات کی تاریخ میں پہلی بار اتنی شدید طوفانی بارشیں ہوئیں جنہوں نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا اور شہر کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا۔

چوہدری شافع حسین آج گجرات میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے

چوہدری شافع حسین نے موسمیاتی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بارشوں میں مزید شدت آسکتی ہے، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا، "ایسے ڈیمز صرف تین سال کی مدت میں مکمل ہو سکتے ہیں اور یہ سیلاب کے خطرات کو کافی حد تک کم کر سکتے ہیں۔”

انہوں نے آخر میں واضح کیا کہ حکومت اور مقامی انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو اس ناگہانی آفت سے محفوظ رکھا جائے اور متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی کا عمل مکمل کیا جائے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter