صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں وکلاء کو سہولیات کی فراہمی میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرت کے ہمراہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر چوہدری شافع حسین نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے جنرل سیکریٹری اشتیاق احمد وڑائچ کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم وکلاء کے لیے سہولیات بڑھانے اور عدالتی نظام کی بہتری میں معاون ثابت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عام شہری کو بروقت انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور بار ایسوسی ایشنز کو دی گئی گرانٹس کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وکلاء برادری انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ جمہوری اقدار کے فروغ اور نظام کے استحکام میں وکلاء کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے خواتین وکلاء کے لیے علیحدہ بلڈنگ کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔
چوہدری شافع حسین نے ڈسٹرکٹ بار کو گرانٹ کی فراہمی ممکن بنانے پر وزیر قانون صہیب احمد بھرت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آئندہ بھی وکلاء کی پیشہ ورانہ ضروریات اور سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرتی رہے گی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں وکلاء کو سہولیات کی فراہمی میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل چوہدری شافع حسین نے پنجاب اسمبلی کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے گڈ گورننس اور ترقیاتی اقدامات پر بات چیت کی۔