صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ گجرات میں سروس موڑ فلائی اوور کے بقیہ تمام فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں، اور یہ اہم منصوبہ جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کے مطابق فلائی اوور میں تاخیر ڈیزائن میں تبدیلی کی وجہ سے ہوئی، جو ان کی ہدایت پر اس لیے کی گئی تاکہ گجرات کی عوام کو زیادہ فائدہ مل سکے۔
چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بیرونِ ملک روانگی سے قبل ملاقات میں گجرات کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ رحمان شہید روڈ کے 16 کروڑ روپے کے فنڈز بھی منظور ہو چکے ہیں اور منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جو آئندہ چند ماہ میں مکمل کر دیا جائے گا۔
سیورج کے مسائل کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ ورلڈ بینک کا سروے مکمل ہو چکا ہے اور جدید سیورج سسٹم نیس پاک کے تعاون سے تیار کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایم ڈی واسا سے ملاقات بھی ہو چکی ہے اور گجرات میں سیورج کے مسائل والے علاقوں کی نشاندہی کر کے انہیں حل کیا جائے گا۔
گجرات: دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی، 18 گاڑیوں کے چالان، جرمانہ اور سلنڈر ضبط
سیلاب متاثرین کی امداد سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ان کی درخواست پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام مستحقین میں امدادی رقوم تقسیم کر دی ہیں۔ اگر کسی متاثرہ خاندان کو سروے میں غلطی کا شبہ ہے تو وہ دوبارہ درخواست دے سکتا ہے۔
ٹریفک مسائل کے حل کے لیے انہوں نے کہا کہ گجرات شہر میں ٹریفک سگنلز نصب کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے دو ماہ قبل اڑھائی کروڑ روپے کی منظوری ہو چکی ہے، جو جلد جاری کر دیے جائیں گے۔
