گجرات میں بارشوں کے پیش نظر نہروں اور نالوں میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ، خلاف ورزی پر کارروائی کا اعلان۔
ڈپٹی کمشنر گجرات نوید احمد کی ہدایت پر مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے تحت نہروں، نالوں، دریاؤں اور برساتی ندیوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید بارش کے دوران گھروں سے غیر ضروری طور پر نہ نکلیں اور بچوں کو پانی والے علاقوں سے دور رکھیں۔ متعلقہ محکموں کو نالوں اور سیوریج سسٹم کی فوری صفائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ نکاسی آب میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ہر سال مون سون میں نہروں میں نہاتے وقت متعدد نوجوان حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔