گجرات کے سرگودھا روڈ پر واقع فرینڈز الیکٹرک اسٹور پر تین مسلح ڈاکوؤں کا دھاوا، 10 لاکھ روپے نقدی اور آئی فون چھین کر فرار، اہلِ علاقہ میں خوف و ہراس۔
گجرات: سرگودھا مین روڈ پر قائم فرینڈز الیکٹرک اسٹور پر اس وقت خوفناک صورتحال پیدا ہو گئی جب دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین نامعلوم مسلح ڈاکو دن دہاڑے دکان میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر کیش کاؤنٹر سے 10 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی۔ واردات کے دوران دکان میں موجود ایک شہری سے قیمتی آئی فون بھی چھین لیا گیا۔ ڈاکو واردات کے بعد مکمل اطمینان کے ساتھ فرار ہو گئے۔
یہ واقعہ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا، جس کے بعد علاقہ بھر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاجروں نے اس واقعے کو سیکیورٹی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس تھانہ شاہین نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
یاد رہے، چند روز قبل اسی الیکٹرک اسٹور کے سامنے واقع موبائل شاپ پر بھی ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جس پر بھی پولیس تھانہ شاہین تفتیش میں مصروف ہے، مگر ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔