سرائے عالمگیر: آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والے دونوں ملزمان گرفتار، آلۂ قتل برآمد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات پولیس نے تھانہ صدر سرائے عالمگیر کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کرنے والی خاتون اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا آلہ بھی برآمد کر لیا ہے۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق 26 جنوری کو تھانہ صدر سرائے عالمگیر پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ موضع سر ڈھوک میں واجد حسین کو اس کی بیوی نائلہ بی بی نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر قتل کر دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزمان نے پہلے واجد حسین کے گلے میں پھندا ڈالا اور بعد ازاں چھری کے وار کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر سرائے عالمگیر نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات رانا عمر فاروق کو آگاہ کیا۔ ڈی پی او نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سرکل ڈاکٹر ممتاز احمد میکن کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ ایس ایچ او آفتاب رسول چوہان اور سب انسپکٹر غلام رسول نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور انسانی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ریڈنگ کی اور قلیل وقت میں ملزمان زین الطاف ولد الطاف حسین سکنہ چیلیانوالا اور نائلہ بی بی زوجہ واجد حسین کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے آلۂ قتل چھری اور واردات میں استعمال ہونے والی چادر بھی برآمد کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش دونوں ملزمان نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے درمیان ناجائز تعلقات تھے اور اکٹھے پکڑے جانے کے خوف سے انہوں نے واجد حسین کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کیس کو مضبوط شواہد کے ساتھ منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter