وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر پنجاب کو "باغوں کا صوبہ” بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ 2025 کے تحت پہلے مرحلے میں 12 اضلاع میں ہارٹیکلچر ایجنسیاں قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید اضلاع میں بھی یہ ایجنسیاں قائم کی جائیں گی۔ موجودہ ضلعی اتھارٹیاں قوانین کے تحت ایجنسیوں میں تبدیل کر دی گئی ہیں۔
منتخب کردہ 12 اضلاع میں ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن ٹیمیں بھی قائم کر دی گئی ہیں، اور 15 اکتوبر 2025 سے قبل متعلقہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ اور وسائل پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کو منتقل کر دیے جائیں گے۔ نئی ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے لیے افسران کا انتخاب سرچ کمیٹی کرے گی، جس میں ایم ڈی، ڈپٹی ایم ڈی اور دیگر اہم عہدے شامل ہیں۔
پی ایچ اے کے دائرہ کار کو صوبہ بھر میں بڑھانے سے شہروں میں سبزہ اور ہریالی میں اضافہ ہوگا، نئے باغات کے قیام کے لیے جگہ مختص کی جائے گی اور موجودہ باغات کی حالت بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس اقدام سے ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
اب تک منتخب کردہ اضلاع میں شیخوپورہ، اوکاڑہ، گجرات، جہلم، خانیوال، ننکانہ صاحب، رحیم یار خان، مری، جھنگ، پاکپتن، خوشاب اور مظفر گڑھ شامل ہیں۔