اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، کیس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اور ان کے قریبی ساتھی محمد خان بھٹی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی ہے۔ یہ درخواست عدالت میں سابق وزیراعلیٰ کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل عامر سعید ران ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی۔
دورانِ سماعت عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ چودھری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی دونوں کی طبیعت ناساز ہے اور معالجین نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، لہٰذا عدالت ان کی غیر حاضری کو معاف کرے۔ عدالت نے درخواست پر غور کرتے ہوئے ایک روز کے لیے دونوں ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ منظور کر لیا۔
اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے جج نے کیس کی مزید سماعت 2 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے شریک ملزم مختار رانجھا کی بریت کی درخواست پر آئندہ سماعت میں دلائل طلب کر لیے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور ان کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں پنجاب اسمبلی میں مبینہ طور پر غیر قانونی بھرتیاں کیں۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اس حوالے سے مقدمہ درج کر رکھا ہے جس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات اور عدالتی کارروائی جاری ہے۔ یہ مقدمہ پرویز الٰہی کی سیاسی و قانونی مشکلات میں اہم اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔