وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں متعدد مسافروں کو مکمل سفری دستاویزات اور ویزے ہونے کے باوجود ایئرپورٹس پر آف لوڈ کیا جا رہا ہے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) کے زیر اہتمام مہاجرین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مسافروں کو درپیش ان مسائل کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے نہ صرف آف لوڈنگ کے واقعات بلکہ بیرون ملک نقل مکانی کے دوران پیش آنے والی دیگر مشکلات پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی محفوظ مائیگریشن کے فروغ اور عوام کو درپیش رکاوٹوں کے حل کے لیے جامع سفارشات تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا اہم اجلاس اسی ہفتے منعقد ہوگا، جب کہ جنوری کے آخری ہفتے تک قابلِ عمل تجاویز مرتب کر لی جائیں گی۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے کہ بعض افراد کو درست ویزے اور مکمل کاغذات کے باوجود سفر سے روک دیا گیا، جس سے نہ صرف مسافروں کو مالی اور ذہنی نقصان اٹھانا پڑتا ہے بلکہ پاکستان کا امیج بھی متاثر ہوتا ہے۔
پاسپورٹ پر پروٹیکٹر مہر رکھنے والوں کو کسی صورت آف لوڈ نہیں کیا جائے گا، چوہدری سالک حسین
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی او ایم پاکستان کے چیف آف مشن سیو میتو نے کہا کہ ہجرت دراصل انسانوں، مواقع اور ترقی کی ایک داستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب نوجوانوں کو درست معلومات، اخلاقی طریقہ کار اور مہارت پر مبنی مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ غیر محفوظ راستوں کے بجائے محفوظ اور قانونی ذرائع اختیار کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت اور عالمی ادارے مل کر محفوظ، باوقار اور منظم مائیگریشن کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔
