ٹی20 ایشیا کپ 2025 کے دسویں میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔ دبئی میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے آخر میں 14 گیندوں پر قیمتی 29 رنز جوڑے۔ دیگر نمایاں بیٹرز میں سلمان علی آغا نے 20 اور محمد حارث نے 18 رنز بنائے۔
یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے صرف 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سمرنجیت سنگھ نے 3 جبکہ پرشانت نے 1 وکٹ حاصل کی۔
جواب میں یو اے ای کی پوری ٹیم 17.4 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ راہول چوپڑا نے 35 رنز کے ساتھ مزاحمت کی کوشش کی، لیکن کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز نہ کھیل سکا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سلمان علی آغا اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
صائم ایوب کی ناقص فارم کا سلسلہ جاری رہا، وہ ایک بار پھر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سال 2025 میں یہ ان کا پانچواں "ڈک” ہے، جن میں سے چار صرف ستمبر میں ہوئے۔
میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی ٹیم کے کپتان اور منیجر سے معافی مانگ لی، ذرائع
پاکستان کی یہ یو اے ای کے خلاف ٹی20 فارمیٹ میں مسلسل چوتھی فتح ہے، جبکہ اس جیت کے ساتھ گرین شرٹس نے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، اور یو اے ای ایشیا کپ سے باہر ہو گیا ہے۔