چوہدری نصیر عباس سدھو کا اعلان: این اے 65 میں ایک ارب روپے کی گرانٹ سے معیاری سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی چوہدری نصیر عباس سدھو نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 65 کے لیے ایک ارب روپے کی گرانٹ جاری ہو چکی ہے، جس کے تحت پورے حلقے میں بلا امتیاز، معیاری اور پائیدار سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا۔
گزشتہ روز ڈیرہ سدھ پر حلقے کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات نہایت کامیاب رہی، جس کے نتیجے میں فنڈز کے اجرا کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترقیاتی اقدامات حلقے کے عوام کے دیرینہ مطالبات کی تکمیل ہیں۔
چوہدری نصیر سدھو نے بتایا کہ لالہ موسیٰ بائی پاس، بسم اللہ چوک تا رحمانیہ پل دونوں اطراف سیوریج نالوں کی تعمیر، لالہ موسیٰ سیوریج منصوبہ اور دیگر اہم ترقیاتی کاموں کے لیے مزید فنڈز بھی جلد جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو حلقے کے دورے کی دعوت دی گئی ہے، جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی موسم کی شدت کم ہو گی، وزیراعلیٰ این اے 65 کا دورہ کریں گی اور اس موقع پر مزید ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔
چوہدری نصیر عباس سدھو کا کہنا تھا کہ حلقے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو 31 دسمبر 2025 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اور کوشش کی جائے گی کہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تمام نئے منصوبے ٹینڈر کے اجرا کے بعد شروع ہوں گے تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حلقے کے بڑے دیہات، خصوصاً وہ علاقے جو ماضی میں جان بوجھ کر نظر انداز کیے گئے، اب ماڈل ویلج کے طور پر ترقی کریں گے۔