جامعہ گجرات کے حافظ حیات کیمپس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے استقبال کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق (تمغۂ امتیاز) نے کی۔ اجلاس میں تقریب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف امور کو حتمی شکل دی گئی۔
تقریب کے دوران گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے تقریباً تین ہزار ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ اور وظائف تقسیم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ جامعہ گجرات کے حصے میں 846 طلبہ کو لیپ ٹاپ جبکہ 268 طلبہ کو ’’ہونہار وظیفہ‘‘ دیا جائے گا۔
تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی، مہمانوں کے استقبال، طلبہ کی نشستوں اور تقسیمِ اسناد کے مراحل کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈی پی او گجرات کا یونیورسٹی آف گجرات کا دورہ، پولیس خدمت مرکز کے قیام پر اہم مشاورت
اجلاس کے دوران رجسٹرار محمد نعیم بٹ، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز، ڈائریکٹرز، خزانچی اور ناظم امتحانات نے وائس چانسلر کو انتظامی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ظہور الحق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تعلیم دوست اقدامات قابلِ تحسین ہیں اور اس طرح کی تقریبات طلبہ میں مسابقتی جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
جامعہ انتظامیہ کے مطابق تقریب کو منظم اور باوقار انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام شعبہ جات کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں تاکہ پروگرام کامیابی سے مکمل ہو اور طلبہ کو حکومتی سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں۔
