گورنمنٹ گریجویٹ کالج کھاریاں کی عمارت پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصویر والا جھنڈا لگانے پر ادارے کے پرنسپل کو محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔ ڈائریکٹر کالجز کی جانب سے پرنسپل کو باقاعدہ شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالج کی عمارت پر ایک ایسا جھنڈا لہرایا گیا جس پر مریم نواز کی بڑی تصویر موجود تھی۔ اس اقدام پر عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے تنقید سامنے آئی، جس کے بعد متعلقہ حکام نے نوٹس لیا۔
ڈائریکٹر کالجز شعیب عاشق بٹ کی جانب سے جاری کردہ شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کالج کی عمارت پر وزیراعلیٰ کی تصویر والا جھنڈا بغیر کسی مجاز اتھارٹی کی اجازت کے نصب کیا گیا، جو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ نوٹس میں پرنسپل سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ کس اتھارٹی کے تحت یہ قدم اٹھایا گیا۔
ذرائع کے مطابق، پرنسپل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی پوزیشن واضح کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ واقعہ اس بحث کو بھی جنم دے رہا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کو سیاسی تشہیر کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں، اور آیا اس قسم کے اقدامات تعلیمی ماحول کو کس حد تک متاثر کر سکتے ہیں۔