ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایت پر تھانہ ککرالی کی ٹیم نے پتنگ بازی کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی رضا ولد محمد اکبر سکنہ بزرگوال کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی SI طاہر زمان کی قیادت میں انجام دی گئی، جس کے دوران خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پتنگ فروش کی گرفتاری عمل میں آئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے تقریباً 300 کے قریب پتنگیں اور بڑی مقدار میں ڈور برآمد کی گئی ہیں، جو غیر قانونی طور پر فروخت کے لیے رکھی گئی تھیں۔ ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ دیگر شامل افراد اور نیٹ ورک کا پتہ چلایا جا سکے۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے اس کامیاب کارروائی پر تھانہ ککرالی پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پتنگ بازی ایک خطرناک اور جان لیوا کھیل ہے، جس سے انسانی جانوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلع بھر میں اس جان لیوا کاروبار کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
گجرات پولیس کی طرف سے شہریوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ضلع میں کسی بھی قسم کی پتنگ بازی، پتنگ سازی یا پتنگ فروشی کی اجازت نہیں ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہری کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر اپنے قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
پولیس حکام نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں عوام کی حفاظت اور حادثات سے بچاؤ کے لیے کی جا رہی ہیں، اور ضلع گجرات میں محفوظ اور پرسکون ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں نبھا رہے ہیں۔
