گجرات میں شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں جلالپور جٹاں روڈ پر واسا کے بڑے ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا کاشان حفیظ بٹ کے ہمراہ منصوبے کے مقام کا دورہ کیا اور جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ایم ڈی واسا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بولے پل سے گجرات اسٹیڈیم تک 1500 ملی میٹر قطر کی زیرِ زمین پائپ لائن بچھانے کا کام آج سے شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ پائپ لائن سیوریج کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے بچھائی جا رہی ہے اور اس کی تکمیل کا ہدف تقریباً ڈیڑھ ماہ مقرر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گجرات اسٹیڈیم کے احاطے میں 100 کیوسک فٹ استعداد کا جدید ڈسپوزل اسٹیشن بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جس سے سیوریج سسٹم کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس نئے انفراسٹرکچر سے بارشوں کے دوران پانی کے نکاس میں بہتری آئے گی اور قریبی آبادیوں کو ریلیف ملے گا۔
ایم ڈی واسا گجرات کاشان حفیظ بٹ کا یونین کونسل 5 اور گردونواح کا دورہ
حکام کے مطابق واسا کی جانب سے پائپ لائن بچھانے کا مرحلہ مکمل ہوتے ہی محکمہ ہائی ویز اسی روڈ پر سڑک کی ازسرنو تعمیر شروع کرے گا۔ اس مربوط حکمت عملی کا مقصد یہ ہے کہ سڑک کی تعمیر سے قبل زیرِ زمین انفراسٹرکچر مکمل کر لیا جائے تاکہ بعد میں کھدائی کی ضرورت پیش نہ آئے۔
اس منصوبے کی تکمیل سے شہر کی کچہری سے بولے پل اور جلالپور جٹاں روڈ کے اطراف واقع رہائشی علاقوں اور مارکیٹوں کو درپیش سیوریج اور خستہ سڑک کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہونے کی توقع ہے۔ ڈپٹی کمشنر نورالعین نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کام کے معیار اور رفتار پر خصوصی توجہ دی جائے اور منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔
