گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی زیر صدارت انٹرمیڈیٹ امتحانات 2025 کے لیے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) گوجرانوالہ کے تحت قائم امتحانی مراکز پر عملے کی ڈیوٹی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن یاسین خان، ڈی ای او ایجوکیشن (میل)، ڈی ای او ایجوکیشن (فی میل) سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام امتحانی مراکز پر اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ طلبہ کو صاف، شفاف اور پرسکون ماحول میں امتحان دینے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
صفدر حسین ورک نے واضح کیا کہ سنٹرز پر عملے کی موجودگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیر حاضری کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے سنٹرز کے نگرانوں کو بھی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس کے دوران سی ای او ایجوکیشن یاسین خان نے ڈپٹی کمشنر کو امتحانی انتظامات اور ٹیچرز کی ڈیوٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور یقین دہانی کروائی کہ تمام مراکز میں عملے کی مکمل حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ طلبہ کا مستقبل انتہائی قیمتی ہے، کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شفاف امتحانی عمل کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور تعاون کرے گی۔