نواز شریف پارک میں غیر قانونی اسپورٹس کمپلیکس سیل، 10 لاکھ کی بجلی چوری کا انکشاف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات میں 7 سال سے غیر قانونی طور پر چلنے والا اسپورٹس کمپلیکس سیل کر دیا گیا، کمپلیکس میں بجلی چوری اور فیسوں کی غیر قانونی وصولی کا انکشاف

گجرات، کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرزای کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر خالق داد گاڑا نے نواز شریف پارک میں قائم غیر قانونی اسپورٹس کمپلیکس کو سیل کر دیا۔ کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ کمپلیکس گزشتہ 6 سے 7 سال سے بغیر کسی قانونی منظوری کے چلایا جا رہا تھا، جہاں بچوں اور نوجوانوں سے کھیلوں کی مد میں بھاری فیسیں وصول کی جا رہی تھیں۔

latest urdu news

کمشنر کی ہدایت پر کیے گئے چھاپے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کمپلیکس میں ہیوی مشینری چلانے کے لیے بجلی کا براہِ راست غیر قانونی کنکشن لگایا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ پانچ ماہ میں تقریباً 10 لاکھ روپے کی بجلی چوری کی گئی، جس پر اعلیٰ حکام نے شدید نوٹس لیا ہے۔

کمشنر گوجرانوالہ نے حکم دیا ہے کہ بجلی چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی مکمل چھان بین کی جائے اور ایک مفصل رپورٹ مرتب کر کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یاد رہے کہ نواز شریف پارک میں کئی سال سے اس نجی کمپلیکس کی سرگرمیوں پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے، تاہم اب پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر ایک مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter