گجرات: تھانہ گلیانہ پولیس نے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث خطرناک "عثمانو گینگ” کو گرفتار کر کے دو موٹر سائیکل، قیمتی موبائل فون، اہم کاغذات اور دس لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ گلیانہ کے علاقے میں موٹر سائیکل اور گھریلو چوریوں میں ملوث گینگ کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی کھاریاں سرکل شاہد محمود کی نگرانی میں ایس ایچ او انسپکٹر توقیر الحسن اور دیگر افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
خصوصی پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت استعمال کرتے ہوئے تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا، جن میں محمد عثمان عرف عثمانو، محمد صارم اور رضوان صغیر شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو عدد موٹر سائیکل، قیمتی موبائل فون، اہم کاغذات اور دس لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی گئی۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے چوری کی آٹھ وارداتوں کا اعتراف بھی کر لیا ہے، جبکہ گینگ سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق نے پولیس ٹیم کو شاندار کارکردگی پر سراہا اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے گجرات پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
