یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ گجرات کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی اور واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس ریلی کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور بھارتی مظالم کے خلاف دنیا کو ایک واضح پیغام دینا تھا۔
ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس گجرات سے ہوا، جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اسسٹنٹ کمشنر آفس گجرات پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات وقاص صفدر سکندری اور رکن صوبائی اسمبلی سید مدد علی شاہ نے کی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سید عطاء المُنعم، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ظفر عباس، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن عمر فاروق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غمخوار حسین شاہ سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔
ریلی میں واسا، ریسکیو 1122، انجمنِ تاجران، سول سوسائٹی اور مختلف شہری تنظیموں کے نمائندگان نے بھی بھرپور شرکت کی، جبکہ طلبہ، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی موجودگی سے اس تقریب کو یادگار بنا دیا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ فضا “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “بھارتی ظلم نامنظور” جیسے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا بنیادی مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے جسے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا ناگزیر ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کی جدوجہد اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بن کر ان کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
