گجرات کے علاقے سرخ پور میں دریائے توی میں پانی کی سطح بلند، 25 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ضلع گجرات کے علاقے سرخ پور میں دریائے توی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی، جہاں 25 افراد دریا کے درمیان پھنس گئے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر (ڈی ای او) عمر اکبر گھمن کی قیادت میں ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

latest urdu news

ریسکیو آپریشن کی نگرانی خود ڈی ای او عمر اکبر گھمن نے کی، جنہوں نے موقع پر موجود ٹیموں کی رہنمائی کی اور تمام متاثرہ افراد کی بحفاظت منتقلی کو یقینی بنایا۔ تیز بہاؤ، کٹھن راستوں اور وقت کی نزاکت کے باوجود ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب آپریشن مکمل کیا۔

ریسکیو 1122 کی اس بروقت اور مؤثر کارروائی پر اہلِ علاقہ نے ادارے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈی ای او عمر اکبر گھمن کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیمیں ہر وقت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری ردِ عمل دیا جائے گا۔

دوسری جانب، گجرات میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا یا ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 سے رابطہ کریں۔

ریسکیو 1122 کی اس کارروائی کو عوامی سطح پر نہ صرف سراہا جا رہا ہے بلکہ اسے ایک مثالی آپریشن قرار دیا جا رہا ہے، جس نے دریا میں پھنسے قیمتی انسانی جانوں کو بروقت بچا کر ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter