گجرات میں سیوریج، ڈرینج اور عیدالاضحی صفائی پلان پر تیزی سے کام جاری، ڈپٹی کمشنر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے "میٹ دی پریس” سیشن کے دوران مقامی صحافیوں سے ملاقات کی اور ضلع بھر میں جاری سیوریج منصوبوں، مون سون سے قبل ڈرینج سسٹم کی بہتری، اور عیدالاضحی کے لیے صفائی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، ڈی آئی او اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جبکہ صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

latest urdu news

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کے موجودہ اور مجوزہ سیوریج سسٹم کی بہتری کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔ شہر کے ڈرینج سسٹم کو روزانہ کی بنیاد پر صاف کیا جا رہا ہے تاکہ مون سون کے دوران بارش کا پانی فوری نکالا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن، جی ڈبلیو ایم سی اور دیگر محکمے باہمی اشتراک سے نالوں کی صفائی پر کام کر رہے ہیں۔

ڈی سی گجرات نے بتایا کہ ایک بین الاقوامی معیار کی میگا سیوریج اسکیم کے لیے لاہور سے ماہرین کی ٹیم گجرات آ چکی ہے اور پروپوزل جمع کروایا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ مدینہ سیداں اور جمال پور کی سمت سے شہر میں داخل ہونے والے برساتی پانی کو روکنے کے لیے ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کو ایک مربوط نالہ اسکیم دی گئی ہے تاکہ پانی کو شہر سے باہر ڈائیورٹ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مسلم آباد، شادمان، رحمان شہید روڈ سمیت مختلف شہری علاقوں میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن جاری ہے اور کئی علاقوں میں منصوبے مکمل کر کے ڈسپوزل اسٹیشنز کو فعال کیا جا چکا ہے۔

عیدالاضحی 2025 کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مثالی صفائی انتظامات کے لیے اضافی گاڑیاں اور عملہ تعینات کیا جا رہا ہے۔ شہری و دیہی علاقوں میں روزانہ صفائی، آلائشوں کی بروقت تلفی، عرقِ گلاب سے اسپرے اور بدبو کے خاتمے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام فیلڈ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے۔ صفائی کی مانیٹرنگ کے لیے تھرڈ پارٹی سسٹم بھی فعال کیا گیا ہے۔

آخر میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈی سی صفدر حسین ورک نے کہا کہ یہ تمام منصوبے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter