گجرات پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہریہ والا سے اغواء ہونے والے دو سالہ بچے سعد افضال کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ اغواء میں ملوث ایک خاتون اور اس کا ساتھی گرفتار کر لیے گئے، جب کہ ملزم سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ صدر گجرات کو چند روز قبل اطلاع ملی تھی کہ محلہ فیضان کالونی ہریہ والا کی رہائشی مسماۃ جمیلہ بی بی کا دو سالہ بیٹا سعد افضال گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتا ہو گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر رائے فیاض احمد فوری طور پر پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور مغوی بچے کی بازیابی کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
واقعہ کی اطلاع فوری طور پر ڈی پی او گجرات مہر محمد ریاض کو دی گئی، جنہوں نے سختی سے ہدایت جاری کی کہ مغوی بچے کو جلد از جلد بازیاب کروا کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
ڈی ایس پی لالہ موسیٰ کی زیر نگرانی، پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر موثر حکمت عملی اپنائی۔ اس کارروائی کے نتیجے میں پولیس نے ایک زیر تعمیر مکان سے مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
پولیس نے اس موقع پر اغواء میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا:
اقراء بی بی زوجہ محمد آصف (سکنہ عزیز چک، حال مقیم فیضان کالونی، ہریہ والا)
نعمان حسن ولد محمد عرفان (سکنہ عزیز چک، حال مقیم فیضان کالونی، ہریہ والا)
دورانِ کارروائی ملزم نعمان حسن کے قبضے سے 1270 گرام ہیروئن بھی برآمد ہوئی، جس کے بعد ملزمان کے خلاف اغواء اور منشیات کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مغوی بچے کو بحفاظت والدہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او گجرات مہر محمد ریاض نے اپنے بیان میں کہا کہ:
"شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ بچوں کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پولیس ہر صورت اپنا فرض ادا کرتی رہے گی۔”
گجرات پولیس کی بروقت کارروائی کو عوامی حلقوں نے سراہا ہے، اور واقعے کو ایک کامیاب آپریشن قرار دیا جا رہا ہے