گجرات: تھانہ صدر جلالپور جٹاں پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی ظہیر عباس عرف ظہیرا ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے چھینی گئی نقدی رقم 1 لاکھ 75 ہزار روپے اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، چوروں اور ڈکیتوں کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈی ایس پی صدر سرکل رائے سرفراز یوسف کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ صدر جلالپور جٹاں شفقت محمود SI اور ان کی پولیس ٹیم نے جدید سائنسی ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے اس خطرناک گینگ کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں سے چھینی گئی نقدی رقم 1 لاکھ 75 ہزار روپے برآمد کر کے متاثرہ شہریوں کو واپس کر دی گئی۔ اپنی رقم واپس ملنے پر شہریوں نے گجرات پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
گجرات پولیس کی 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری، جرائم میں نمایاں کمی
گرفتار ملزمان میں ظہیر عباس عرف ظہیرا سکنہ جوڑا جلالپور، نعمان رفیق ولد محمد رفیق سکنہ ملک پور چاڑہ اور وقار یونس ولد محمد صدیق سکنہ کھاریاں شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ 2 عدد پسٹل 30 بور بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ انکشافات کی بنیاد پر دیگر وارداتوں میں بھی ان کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ڈی پی او گجرات نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
