گجرات میں دو پولیس مقابلے: بین الاضلاعی گینگز کے دو خطرناک ڈاکو ہلاک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈویژن) گجرات کی ٹیم نے گزشتہ رات دو الگ الگ پولیس مقابلوں میں دو انتہائی مطلوب اور خطرناک ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔ ان مقابلوں کی قیادت انسپکٹرز عدنان احمد تارڑ اور شاہد حسنین گوندل نے کی۔

پہلا مقابلہ یونیورسٹی روڈ گجرات پر ہنجرا پل کے قریب ہوا، جس میں بدنامِ زمانہ مویشی چور اور ڈاکو شاہد پرویز ولد ارشاد احمد، سکنہ لنگے، تحصیل و ضلع گجرات، پولیس فائرنگ کے نتیجے میں مارا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف 60 سے زائد مقدمات درج تھے، جبکہ وہ چار مقدمات میں اشتہاری بھی قرار دیا جا چکا تھا۔ شاہد پرویز مختلف اضلاع — گجرات، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، جہلم، سیالکوٹ، اور حافظ آباد — میں عدالتوں میں چالان ہو چکا تھا۔ وہ ایک بین الاضلاعی مویشی چور گروہ کا سرغنہ اور مسلح ڈکیتیوں میں ملوث تھا۔

latest urdu news

دوسرا مقابلہ اسی رات نت ٹبہ گاؤں کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس نے ایک اور انتہائی خطرناک ملزم ذیشان اسلم ولد محمد اسلم، سکنہ کنجاہ، ضلع گجرات، کو ہلاک کر دیا۔ اس پولیس کارروائی کی قیادت انسپکٹر شاہد حسنین گوندل، انچارج لالہ موسیٰ سرکل نے کی۔ ذیشان اسلم ڈھائی درجن سے زائد سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث تھا، اور پانچ مقدمات میں اشتہاری بھی تھا۔ وہ ایک اور بین الاضلاعی جرائم پیشہ گینگ کا سربراہ تھا، جس کی سرگرمیاں ضلع سرگودھا، خوشاب، اور گجرات تک پھیلی ہوئی تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان دونوں خطرناک ملزمان کی ہلاکت سے علاقہ میں جرائم، بالخصوص مویشی چوری اور اسلحے کے زور پر وارداتوں میں واضح کمی متوقع ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter