گجرات میں پولیس کو مطلوب خطرناک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم ذیشان بابر ولد عبدالزاق ساکن چک جانو کلاں 31 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ رات تھانہ منگوال کے علاقے پل روپوکی کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار چار مشتبہ افراد نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
فائرنگ رکنے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تو ایک شخص قریبی گندم کی فصل میں زخمی حالت میں پایا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت ذیشان بابر کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے 30 بور پسٹل برآمد ہوا۔
گجرات پولیس کی کارروائی: پتنگ فروش گرفتار، 6 پتنگیں برآمد
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس نے اپنے ساتھی ملزم محمد زبیر ولد محمد عنائیت ساکن خاصہ چک نمبر 33 منڈی بہاوالدین کے ساتھ ہونے کا انکشاف کیا۔ تاہم دورانِ علاج ملزم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
