گجرات: سی سی ڈی گجرات اور پولیس کے درمیان رات گئے ہونے والے ایک مقابلے میں خطرناک ڈاکو، نقب زن اور منشیات فروش غلام نبی عرف طوطی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم غلام نبی ولد خوشی محمد، سکنہ موضع جانوکے، تحصیل پھالیہ، ضلع منڈی بہاؤالدین کا رہائشی تھا۔ ملزم کا شمار انتہائی خطرناک مجرمان میں ہوتا تھا اور اس کے خلاف 30 سے زائد سنگین مقدمات مختلف تھانوں میں درج تھے۔
غلام نبی ضلع جہلم، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں ڈکیتی، نقب زنی، منشیات فروشی اور اسلحہ کے استعمال جیسے سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق کچھ روز قبل تھانہ سرائے عالمگیر سٹی کے علاقے میں موٹر سائیکل چوری کی ایک واردات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں غلام نبی کی شناخت کی گئی تھی۔
سال 2022 میں تھانہ رحمانیہ، ضلع گجرات کی حدود میں ایک شادی کی تقریب میں فائرنگ کے واقعے میں دو معصوم بچے شدید زخمی ہو گئے تھے، جس میں بھی غلام نبی کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ غلام نبی اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے حادثاتی طور پر ہلاک ہوا۔ مقابلے کے بعد جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے، اور علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔