گجرات: صدر سرکل پولیس نے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں ڈی ایس پی صدر سرکل غازی آصف علی بیگ کی زیرِ نگرانی عمل میں آئیں، جن میں مختلف تھانوں کی پولیس ٹیموں نے حصہ لیا۔
تھانہ سٹی جلالپور جٹاں کے ایس ایچ او انسپکٹر مبارک علی شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان: آصف علی، محمد عمر، مدثر بیگ اور تنویر احمد کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 16 بوتلیں شراب، 19,350 وٹک، 535 گرام چرس، 320 گرام ہیروئن اور ایک عدد پسٹل 30 بور برآمد کیا گیا۔
تھانہ منگووال کے ایس ایچ او سب انسپکٹر اختر حسین نے منشیات فروش جاوید اقبال سکنہ چکریاں کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 1300 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق، ملزم کے خلاف پہلے سے بھی ریکارڈ موجود ہے۔
تھانہ کڑیانوالہ کے ایس ایچ او انسپکٹر محمد اکرام نے اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان عرفان بیگ اور قمر عباس کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق، ان ملزمان نے رہائشی مکان پر فائرنگ کی تھی جس سے مدعی مقدمہ کو جان کا خطرہ لاحق ہوا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور ایک پسٹل 30 بور برآمد ہوا۔
اسی طرح، تھانہ صدر جلالپور جٹاں کے ایس ایچ او سب انسپکٹر شفقت محمود نے کارروائی کرتے ہوئے اقدامِ قتل کے ملزم نعمان ناصر کو گرفتار کر لیا، جس نے صدام حسین کو دونوں ٹانگوں میں گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا تھا۔ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او گجرات نے ان کارروائیوں کو عوامی تحفظ اور امن و امان کے قیام کی جانب ایک مؤثر قدم قرار دیا ہے۔