گجرات: ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کے احکامات پر ضلع بھر میں مجرمان اشتہاریوں، منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ برداروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں صدر سرکل پولیس نے تھانہ سٹی جلالپور جٹاں اور تھانہ منگوال کے علاقوں میں مؤثر کارروائیاں کیں۔
ڈی ایس پی صدر سرکل رائے سرفراز یوسف کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ سٹی جلالپور جٹاں احسان اللہ اور ان کی ٹیم نے انٹیلی جنس بیس معلومات پر ریڈنگ پارٹی تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور 6 مجرمان اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار اشتہاریوں میں حسیب اللہ ولد ارمان اللہ، محمد جاوید ولد رشید احمد، نثار احمد ولد محمد بوٹا، محمد عمر حمزہ ولد عدیل ظہیر، عبداللہ ولد اجمل وحید اور سعید احمد ولد اسحاق شامل ہیں۔
مزید کارروائی کے دوران منشیات فروش ملزم عرفان ولد احسان اللہ سکنہ محلہ رحمانیہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1280 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔
ادھر ایس ایچ او تھانہ منگوال جہانگیر علی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم شاہ زیب ولد گلزار سکنہ کشمیر کالونی منگوال کو گرفتار کر کے 10 لیٹر شراب برآمد کی، جبکہ ایک اور ملزم تقیّم الحسن ساکن جامو بھولا کے قبضے سے ناجائز اسلحہ پستول 30 بور برآمد کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
